شعبہ طباعت
قومی اردو کونسل حکومت ہند کا واحد اشاعتی ادارہ ہے جو صرف اردو کتابیں شائع کرتا ہے۔ کونسل کی اشاعتی سرگرمیوں کے تحت بچوں کے ادب اور اردو ذریعہ تعلیم کی نصابی کتابوں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ اشاعتی منصوبوں میں اردو زبان کے کلاسیکی ادب کی اشاعت کے علاوہ لغات، انسا ئیکلوپیڈیا، حوالہ جاتی کتابیں نیز ٹیکنالوجی اور انسانی علوم کی تمام شاخوں سے متعلق کتابیں منظر عام پر لائی جا رہی ہیں۔ غیرملکی ادب کے کلاسیکس کے تراجم بھی شائع کےے جا رہے ہیں۔
nقومی اردو کونسل اردو کی ان کلاسیکی کتابوں کی مکرر اشاعت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جو اردو زبان و ادب کے ارتقا میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہےں اور اب آہستہ آہستہ نایاب ہوتی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں کونسل نے 24جلدوں میں ’کلیات پریم چند‘ شائع کی ہے۔ اس کے علاوہ کلیات میر (دو جلدیں )، کلیات ولی، کلیات آغا حشر کاشمیری (سات جلدیں) ، کلیات قلی قطب شاہ، کلیات ذوق ،کلیات اکبر الٰہ آبادی ، کلیات علی سردار جعفری (دو جلدیں)، کلیات سعادت حسن منٹو (دو جلدیں)، آئینہ جہاں—کلیات قرة العین حیدر(چار جلدیں)،کلیات راجندر سنگھ بیدی(دو جلدیں)، کلیات رشید احمد صدیقی(چار جلدیں)، کلیات بلونت سنگھ(سات جلدیں) اور کلیات وحید اختر (تین جلدیں) کونسل شائع کرچکی ہے۔